معیشت سے ٹکڑوں میں نمٹا نہیں جاسکتا ، ٹھوس اقدام ضروری

   

نئی دہلی ۔ 7 اکتوبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج مودی حکومت کو معیشت کی حالت پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ اُسے سب سے پہلے شدید سست روی کو تسلیم کرنا چاہئے اور معاشی ابتری کو بہتر بنانے کیلئے ٹکڑا ٹکڑا نوعیت کااصلاحی کام کرنے کے بجائے ٹھوس اقدامات کرنے چاہئے ۔ اپوزیشن پارٹی کا حکومت پر اس قسم کا لفظی حملہ ایک میڈیا رپورٹ کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جس میں آر بی آئی ڈیٹا کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ کمرشیل سیکٹر میں مجموعی مالیاتی بہاؤ تقریباً 88فیصد تک گھٹ گیا ہے ۔ کانگریس ترجمان سپریا شری ناتے نے کہاکہ آر بی آئی رپوٹ نے سخت معاشی سست روی کی نشاندہی کی ہے ۔ اپریل 2019 اور سپٹمبر 2019 ء کے درمیان قرض کا معاملہ بکھرگیا جس کا مطلب ہے کہ معاشی سرگرمی مفلوج ہوچکی ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس ڈیٹا پر غور و خوض کیا جائے ۔ ، ہمیں اس کو سمجھنے کی ضرور ت ہے ۔ گزشتہ ایک سال میں تجارتی شعبہ میں فنڈ کا بہاؤ 88 فیصد کم ہوا ہے جو تشویشناک ہے ۔