نئی دہلی: مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کورونا وبا کی وجہ سے سست پڑ رہی معیشت کو رفتار دینے کیلئے صحت، سیاحت، زراعت اور روزگار کے شعبہ میں 6.28لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور نئی اصلاحات اور رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ سیتا رمن نے پیر کو یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں آٹھ راحتی اقدمات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے معیشت کو مضبوطی ملے گی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا وبا کے خلاف لڑائی میں معیشت کو مضبوطی فراہم کرنے کیلئے 6,28,993 کروڑ روپے کا مراعاتی پیاکیج دیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ انوراگ ٹھاکر بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے کہاکہ حکومت کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے صحت کا بنیادی ڈھانچہ مضبوط کرے گی، اس کیلئے بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ملک کے درمیانہ سطح کے شہروں میں صحت ڈھانچہ کو مضبوط کیا جائے گا۔حکومت نے 1.1لاکھ کروڑ روپئے کا فنڈ ’کریڈٹ گارنٹی یوجنا‘ کیلئے مختص کیا ہے، کووڈ سے متاثرہ علاقوں کو اس سے مد د ملے گی۔ 8 بڑے شہروں کو چھوڑ کر دوسرے شہروں میں صحت بنیادی ڈھانچہ کیلئے حکومت پچاس ہزار کروڑ روپے خرچ کرے گی۔اس کے تحت حکومت کم سود پر قرض دستیاب کرائے گی۔