نئی دہلی ۔12 اکتوبر ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ ملک کی معیشت گہرے بحران میں ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن اس سمت میں کوئی قدم نہیں اٹھا رہے ہیں۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں کہا کہ معیشت کو لے کر جو اعداد و شمار سامنے آ رہے ہیں وہ انتہائی تشویشناک ہیں۔ ملک میں مسلسل سرمایہ کاری گر رہی ہے ، بینک بحران میں ہیں، مانگ ٹوٹ رہی ہے ، پیداوار گھٹ رہی ہے اور مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں بڑی گراوٹ درج کی گئی ہے اور ان حالا ت سے نمٹنے کے لئے جلد ٹھوس قدم نہیں اٹھائے گئے تو آنے والے دنوں میں بحران مزید گہرے ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آٹوسیکٹرمیں 35 لاکھ افرد کی نوکریاں چلی گئیں، ہینڈ لوم سیکٹر، کپڑا سیکٹر، چمڑے کی صنعت اور یہاں تک کہ بسکٹ کمپنیاں بھی بحران میں ہیں۔ کمپنیاں مہینے میں کچھ دن فیکٹری بند رکھنے پر مجبور ہیں۔ بجٹ کی بنیاد پر آمدنی کے تحت حکومت کو 25 لاکھ کروڑ روپے اکٹھے کرنے تھے لیکن ابھی تک صرف سات فیصد ہی جمع ہو پایا ہے ۔