لینڈ گرابرس کے چہرے منظر عام پر لانے کا مطالبہ ۔ امتیاز اسحاق
حیدرآباد 23 جولائی : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ریاستی سکریٹری و سابق صدر نشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن امتیاز اسحاق نے معین آباد منڈل میں قدیم قطب شاہی مسجدکے انہدام کی مذمت کی اور تاحال لینڈ گرابرس اور غیر سماجی عناصر کو گرفتار نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور قدیم تاریخی مسجد کو شہید کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ امتیاز اسحاق نے بتایا کہ شہر کے مقامات میں مسجد کے انہدام پر مقامی اور ریاستی مسلمانوں میں شدید ناراضگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج چلکور ولیج پہونچکر مسجد کو شہید کرنے کے مقام کا تفصیلی معائنہ کرچکے ہیں ۔ مقامی عوام اور پولیس سے تبادلہ خیال کرچکے ہیں ۔ قدیم مسجد کے قریب رئیل اسٹیٹ وینچر تیار کیا جارہا ہے ۔ جس کی آڑ میں لینڈ گرابرس نے قدیم مسجد کو شہید کردیا ہے ۔ حکومت ، وقف بورڈ اور پولیس کی جانب سے قصور واروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے ۔ تاہم مسجد کی شہادت میں کون ملوث ہیں کس کی ایماء پر مسجد کی شہادت ہوئی ان چہروں کو منظر عام پر نہیں لایا جارہا ہے ۔ جس طرح پولیس خاطیوں کی پردہ پوشی کررہی ہے اس سے مسلمانوں میں شکوک پیدا ہورہے ہیں ان شکوک کو دور کرنا حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے ۔ امتیاز اسحاق نے کہا کہ منظم سازش کے تحت مسجد کو شہید کیا گیا ہے ۔ پہلے اطراف کی جھاڑیوں کو کاٹ کر مسجد کو چھپا دیا گیا اور راتوں رات مسجد کو شہید کیا گیا جس کی بی آر ایس مذمت کرتی ہے اور خاطیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتی ہے ۔۔ 2