معین آباد ڈرگس پارٹی ملزمین سے پوچھ تاچھ شروع

   

ایس آئی ٹی متحرک، ڈرگس سربراہ کرنے والے شخص کی تلاش
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) رنگا ریڈی ضلع کے معین آباد میں واقع فارم ہاؤز میں ڈرگس پارٹی کو بے نقاب کرنے کے بعد حکومت نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی ہے تاکہ ڈرگس معاملہ کی تفصیلی جانچ کی جاسکے ۔ حکومت نے بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی روہت ریڈی کے فارم ہاؤز میں ڈرگس پارٹی کے پس پردہ عناصر کو منظر عام پر لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ملزمین سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے ۔ راجندر نگر کے ڈی سی پی یوگیش گوتم کی قیادت میں تشکیل دی گئی ایس آئی ٹی نے آج تین ملزمین سے پوچھ تاچھ کی ۔ نمت شرما ، ان کے بھائی رتیش ریڈی اور بی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی روہت ریڈی سے پوچھ تاچھ کا آج صبح میں آغاز ہوا اور تحقیقات شام تک جاری رہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈرگس پارٹی کے لئے منشیات کی فراہمی کے بارے میں سوالات کئے جارہے ہیں۔ ڈرگس فراہم کرنے والے شخص کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ بتایا جاتاہے کہ بنگلور یا گوا سے ڈرگس سربراہ کیا گیا تھا۔ ملزمین کے فون کالس کی تفصیلات اور موبائیل چیاٹنگ کی بنیاد پر حقیقی ملزمین تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ معین آباد فارم ہاؤز کی پارٹی میں شریک افراد کی تفصیلات اور ان کے سماجی پس منظر کی جانچ کی جارہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارٹی میں کئی اہم شخصیتیں اور صنعت کار موجود تھے۔ ایگل ٹیم نے دھاوے کے موقع پر پولیس پر کی گئی فائرنگ کی جانچ کو تیز کردیا ہے۔ دھاوے میں گرفتار کئے گئے آندھراپردیش کے ایک رکن پارلیمنٹ کو ابتدائی جانچ کے بعد پولیس ا سٹیشن میں ضمانت دے گئی۔1