معین خان اور محسن خان چیف سیلکٹرکیلئے پسندیدہ امیدوار

   

کراچی ۔19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) انضمام الحق کی جانب سے چیف سلیکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیے جانے کے بعد چیئرمین سلیکشن کمیٹی کا عہدہ خالی ہو گیا ہے اور اس عہدے کے لیے سابق کوچز معین خان اور محسن خان کو پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ورلڈ کپ کے بعد پاکستانی ٹیم مینجمنٹ اورکرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور انضمام الحق چیف سلیکٹر کا منصب چھوڑ چکے ہیں۔انضمام کے بعد سابق کھلاڑیوں نے اس عہدے کے حصول کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور چیئرمین سلیکشن کمیٹی کے عہدے کے لیے معین خان اور محسن خان کو مضبوط امیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ محسن حسن خان پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ تھے لیکن انہوں نے گزشتہ ماہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے کر کسی اور عہدے پر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ سلیکشن کمیٹی کے نئے ارکان کے اشتہار دے گا اور درخواست جمع کروانے والے کھلاڑیوں میں سے سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور اراکین کا انتخاب کیا جائے گا۔ سابق کرکٹر محسن خان یا معین خان کو چیف سلیکٹر نامزد کیا جاسکتا ہے تاہم حتمی فیصلہ کرکٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہوگا۔دوسری جانب ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی اپنے معاہدے میں توسیع نہیں کروا سکے اور پی سی بی کی جانب سے نئے کوچ کے عہدے کے لیے اشتہار دیا جائے گا۔ پی سی بی زمبابوے سے تعلق رکھنے والے انگلینڈ کے سابق کوچ اینڈی فلاورکو ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی کوششیں کررہا ہے جبکہ مکی آرتھر بھی دوبارہ کوچنگ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف کرکٹ میں الگ الگ کوچز اور کپتان مقرر کرنے کی بھی تجویز ہے ۔