معین علی کی آل راؤنڈ صلاحیتوں سے ٹیم مستحکم : فلیمنگ

   

ممبئی ۔ چینائی سوپر کنگس کے ہیڈ کوچ اسٹیفن فلیمنگ مانتے ہیں کہ معین علی کی آل راؤنڈ صلاحیتوں کی وجہ سے ٹیم مستحکم ہوئی ہے جبکہ گزشتہ برس ٹیم کو اس کمی کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ فلیمنگ نے کہا کہ گزشتہ برس ٹیم میں وہ صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی کی کمی محسوس ہو رہی تھی جس حلاء کو معین علی نے پر کردیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معین علی کا جو تعاون ٹیم کے لئے ہو رہا ہے اس کی ہی ٹیم کو اشد ضرورت تھی۔ فلیمنگ نے مہیندر سنگھ دھونی سے متعلق کہا کہ وکٹ پر جتنی دیر دھونی موجود رہیں گے اتنے ہی وہ رنز بناسکیں گے۔ جیسا کہ انہوں نے نمبر 5 پر بیٹنگ کرتے ہوئے 17 گیندوں میں 18 رنز بنائے ہیں۔ فلیمنگ کے بموجب ٹیم کے باصلاحیت کھلاڑی ہنوز اپنی باری کا انتظار کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں راجستھان رائلس کے خلاف یہاں پیر کو آئی پی ایل 2021 کے 12ویں مقابلے میں بیٹ اور گیند دونوں سے شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے معین علی (26اور 3؍7 )نے کہا کہ یہاں میرا کام ٹیم کے لئے زیادہ سے زیادہ رنز بنانا اور ایک اچھی شروعات دینا ہے ۔جب مجھے اوپر کھیلنے کے لئے بھیجا گیا تب بیٹنگ کے لئے وکٹ آسان نہیں تھی،لیکن وہ اپنی دونوں ذمہ داریوں (بیٹنگ اور بولنگ ) کی کارکردگی سے خوش ہیں۔ معین نے کہا مجھے لگتا ہے کہ ٹیم کے طورپر ہم سبھی نے اچھی کرکٹ کھیلی۔ کامیابی میں سبھی کا تعاون رہا۔راجستھان رائلس کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کے کریز پر آتے ہی میں سمجھ گیا کہ جب بھی کپتان مجھے بلائیں گے تو میرے پاس وکٹ لینے کا اچھا موقع ہوگا۔ مجھے لگتا ہے کہ اسپنروں کے لئے یہ اچھی وکٹ ہے اور اگر آپ صحیح جگہ پر گیند کو ڈالتے ہیں تو آپ کو ہمیشہ وکٹ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔