لندن ۔ ہندوستان کے خلاف 12 اگست کو لارڈس میں شروع ہونے والے دوسرے ٹسٹ کے لئے آل راؤنڈر معین علی کو انگلش ٹیم میں طلب کرلیا گیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپن آل راؤنڈر نہ صرف ٹیم میں طلب کیا گیا ہے بلکہ وہ منگل کو ٹیم کے ساتھ ٹریننگ شروع کردی ہے۔ انگلینڈ کا ٹاپ آرڈر سوائے کپتان جیوروٹ کے جدوجہد کررہا ہے اور اسے سیریز کے پہلے مقابلے کی پہلی اننگز میں 183 رنز پر آؤٹ ہونا پڑا ۔ جبکہ دوسری اننگز میں ٹیم نے بھلے ہی 303 رنز اسکور کئے ہوں لیکن اس میں بھی کپتان روٹ کے 109 رنز شامل ہیں۔ ٹیم کے کوچ سلور ووڈ نے انگلش میڈیا سے پہلے ہی کہا ہے کہ آل راؤنڈر بین اسٹوکس اور کریس ووکس کی عدم موجودگی میں معین علی توجہ کا مرکز ہیں۔ 34 سالہ آف اسپنر معین علی شاندار فام میں ہیں جنہوں نے پیر کی رات برمنگھم فونکس کے لئے 23 گیندوں میں نصف سنچری اسکور کی ہے۔