ممبئی۔ دباؤ میں آنے والی چینائی سوپرکنگز کی ٹیم اگلے چند میچوں میں سینئر کھلاڑی معین علی کی خدمات سے محروم رہے گی لیکن ہیڈکوچ اسٹیفن فلیمنگ پرامید ہیں کہ انگلینڈ کے آل راؤنڈر ایک ہفتے میں چوٹ سے ٹھیک ہوجائیں گے۔ معین ہفتہ کو ایک ٹریننگ سیشن کے دوران ٹخنے کی تکلیف کا شکار ہوگئے تھے اور وہ پنجاب کنگزکے خلاف میچ سے باہر ہوگئے تھے، جس میں چینائی سوپرکنگزکو11 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ معین نے سوپر کنگز کے لیے آخری میچ 17 اپریل کوکھیلا تھا اور اس میچ میں بھی ٹیم کوگجرات ٹائٹنز کے خلاف تین وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔فلیمنگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ان کا ٹخنہ مڑا ہوا تھا، ایکسرے نے کوئی فریکچر ظاہر نہیں کیا لیکن اسے ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے، شاید سات دن۔ امید ہے کہ وہ تیزی سے ٹھیک ہو جائے گا کیونکہ کوئی فریکچر نہیں ہے۔معین جو گزشتہ سیزن میں خطاب جیتنے والی چینائی کی ٹیم کے اہم رکن تھے، موجودہ سیزن میں بیٹ اورگیند دونوں کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں۔ معین نے اب تک 17.40 کی اوسط سے 87 رنز بنائے ہیں جس میں سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف 48 رنز بھی شامل ہیں۔ وہ اب تک آٹھ اوورز میں ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر سکے۔ چینائیسوپرکنگز کی ٹیم موجودہ سیزن میں زخموں سے لڑ رہی ہے۔ فاسٹ بولردیپک چہر اور ایڈم ملنے پہلے ہی زخمی ہونے کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔امباتی رائیڈو کو بھی پیرکو فیلڈنگ کے دوران ہاتھ پر معمولی چوٹ آئی تھی اور انہیں علاج سے گزرنا پڑا تھا۔رائیڈو نے 39 گیندوں پر سات چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 78 رنزکی اننگز کھیلی جب ٹاپ آرڈر ٹیم کو میچ میں برقرار رکھنے میں ناکام رہا لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے۔