نئی دہلی: بنگلہ دیشی ملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین جو اکثر تنازعات کے ذریعے سرخیوں میں بنی رہتی ہے ،اب اس نے انگلینڈ کے کرکٹر معین علی کے بارے میں قابل اعتراض ٹویٹ کیا۔ معین علی آئی پی ایل 2021 میں چینائی سوپر کنگز کا حصہ ہیں اور وہ تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس ہفتے کے اوائل تسلیمہ نسرین نے ٹویٹ کیا ، ’’اگر معین علی کرکٹ نہیں کھیل رہے ہوتے تو وہ شاید آئی ایس آئی ایس جوائن کرنے سیریا جا چکے ہوتے‘‘۔ اس ٹویٹ کے فورا بعد ہی تسلیمہ کو انگلینڈ کے کرکٹرز نے جم کر لتاڑا ہے۔انگلینڈ کے تیز گیندباز جوفرا آرچر نے تسلیمہ نسرین کو کرارا جواب دیا ہے۔ آرچر نے ٹویٹ کیا، کیا آپ ٹھیک ہو؟ مجھے نہیں لگتا کہ آپ ٹھیک ہو۔ تنازعہ بڑھتا دیکھ کرتسلیمہ نے بھی اپنی صفائی پیش کی۔ تسلیمہ نے کہا کہ نفرت کرنے والوں کو پتہ ہونا چاہئے کہ معین علی پر کیا گیا ٹویٹ مذاق میں کیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس پر مجھے پریشان کرنے کا ایک مسئلہ بنا لیا۔ میں اسلامک شدت پسندی کی مخالفت کرتی ہوں۔ انسانیت کی سب سے بڑی پریشانی ہے کہ خواتین کی حامی لیفٹسٹ خواتین مخالف اسلامک شدت پسندی کی حمایت کرتے ہیں۔آرچر نے تسلیمہ کی صفائی والے ٹویٹ پر بھی اپنا ردعمل ظاہر کیا۔ آرچرنے لکھا کہ کوئی بھی نہیں ہنس رہا، آپ بھی نہیں، آپ کم سے کم یہ کر سکتی ہیں کہ اس ٹویٹ کو ہٹادیں۔