مغربی ایشیا کے منتخب شہروں کیلئے پروازوں کا آغاز

   

نئی دہلی، 3 مارچ (یواین آئی) ہندستانی ایئرلائنز نے منگل سے مغربی ایشیا کے چند منتخب شہروں کیلئے باقاعدہ اور خصوصی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ نجی ایئرلائن اسپائس جیٹ نے بتایا ہے کہ وہ آج اور آئندہ چند دنوں کیلئے متحدہ عرب امارات کے شہر فجیرہ سے دہلی اور کوچی کیلئے ایک ایک جبکہ ممبئی کیلئے دو خصوصی پروازوں کا آپریشن کرے گی۔ اس کے علاوہ 4 مارچ سے وہ فجیرہ سے دہلی اور ممبئی کیلئے اپنی باقاعدہ پروازیں بھی شروع کرے گی۔ نئی قائم شدہ ایئرلائن اکاسا ایئر نے 3 مارچ سے ممبئی اور سعودی عرب کے شہر جدہ کے درمیان باقاعدہ پرواز شروع کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ وہ چہارشنبہ سے ممبئی اور احمد آباد سے جدہ کیلئے باقاعدہ پروازیں چلائے گی۔ تاہم ابو ظہبی، دوحہ، کویت اور ریاض جانے والی اس کی تمام پروازیں 4 مارچ تک منسوخ رہیں گی۔ انڈیگو آج جدہ سے ممبئی، حیدرآباد اور احمد آباد کیلئے چار پروازیں چلا رہی ہے ۔ اس نے بتایا ہے کہ ان پروازوں کا آپریشن ان مسافروں کیلئے کیا جارہا ہے جنہوں نے پہلے سے انڈیگو کی فلائٹ میں ٹکٹ بک کرائے تھے ۔ ایئر انڈیا ایکسپریس نے آج سے عمان کے دارالحکومت مسقط سے دہلی، کوچی، کوژیکوڈ، بنگلورو، ممبئی اور تروچیراپلی کیلئے باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔