مغربی بنگال، جھارکھنڈ میں 20 مقامات پر تلاشی لینے کے بعد جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سات لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ان تمام پر سرکاری اور دفاعی زمین پر قبضہ کرنے کا الزام ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں افسر علی، امتیاز احمد، پردیپ باغچی، ایم ڈی صدام حسین، طلحہ خان، بھانو پرتاپ پرساد اور فیاض خان شامل ہیں۔ آئی اے ایس افسر (2011 بیچ) چھوی رنجن کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ یہ دوسرا معاملہ ہے، جب جھارکھنڈ کیڈر کا کوئی آئی اے ایس افسر ای ڈی کے شکنجے میں آیا ہے۔ گزشتہ سال ای ڈی نے منی لانڈرنگ کیس میں چھاپے مار کر آئی اے ایس افسر پوجا سنگھل کو گرفتار کیا تھا ذرائع نے بتایا کہ تین ریاستوں میں کل 20 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور جھارکھنڈ کیڈر کے آئی اے ایس افسر چھوی رنجن کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے۔ رنجن اس سے قبل جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر تعینات تھے۔ کچھ پرائیویٹ افراد اور ریاستی حکومت کے کچھ دیگر عہدیداروں کے احاطے میں بھی تلاشی لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی منی لانڈرنگ کی روک تھام کے ایکٹ (PMLA) کی دفعات کے تحت کی گئی تھی اور ایجنسی دفاعی اراضی سمیت زمین پر مبینہ قبضے کے معاملات کی تحقیقات کر رہی ہے۔