ترنمول کانگریس کے عزائم پر کانگریس اور دیگر پارٹیوں کے خدشات
حیدرآباد۔21۔نومبر(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف ریاست بنگال میں 25نومبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس کے دوران قرارداد پیش کرتے ہوئے اسے منظور کروایا جائے گا۔ترنمول کانگریس حکومت بنگال نے 25نومبر سے اسمبلی اجلاس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ اسمبلی اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی ترنمول کانگریس کی جانب سے ریاستی اسمبلی میں مرکزی حکومت کے وقف ترمیمی قانون 2024کے خلاف قرارداد پیش کرتے ہوئے اسے ریاستی اسمبلی میں منظور کروایا جائے گا اور اسے مرکزی حکومت کو روانہ کرتے ہوئے وقف بل کی ترمیمات کو روکنے کی سمت اہم پیشرفت کی جائے گی۔ ترنمول کانگریس جو کہ وقف ترمیم بل 2024 کی سختی سے مخالفت کر رہی ہے اس بل کو مخالف اقلیت قرار دیتے ہوئے موقوفہ جائیدادوں کو چھیننے کی کوشش قرار دے رہی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس بل کی مخالفت میں اسمبلی میں قرار داد پیش کرتے ہوئے اسے منظور کروایا جائے گا۔ ترنمول کانگریس ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں اسمبلی میں قرار داد کی پیشکشی کے متعلق مختلف گوشوں سے تبادلہ خیال کیا جا رہاہے اور اس بل کے خلاف قرارداد کے سلسلہ میں پارٹی قائدین کا کہنا ہے کہ وقف معاملتوں میں ریاستی حکومت کے امور میں مرکزی مداخلت کی مخالفت کے علاوہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے یہ قرارداد پیش کی جائے گی ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے روشناس کروائے جانے والے بل پر اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ مسلم تنظیموں کے درمیان بڑی بحث شروع ہوگئی تھی اور مسلم تنظیموں کے علاوہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں نے مرکزی حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے بل کی مخالفت کرتے ہوئے اسے مرکزی حکومت کی جانب سے اوقافی جائیدادوں کو چھین لینے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس بل کو منظور ہونے نہیں دیا جائے گا ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق وقف ترمیمی بل 2024 کو اپوزیشن جماعتوں کے اعتراض کے بعد اسپیکر نے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو روانہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل عمل میں لائی تھی اور جے پی سی نے ملک بھر میں مختلف علاقوں میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے رائے حاصل کی تھی لیکن گذشتہ دنوں ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمان جناب ندیم الحق اور مسٹر کلیان بنرجی نے کولکتہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدرنشین مشترکہ پارلیمانی کمیٹی پر متعدد الزامات عائد کئے جن میں کمیٹی کے صدرنشین کی جانب سے 7 نومبر کو اختیار کردہ رویہ پر بھی شدید اعتراض کرتے ہوئے وقف ترمیمی بل کی مخالفت کی ۔ترنمول کانگریس کی جانب سے اسمبلی میں وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں قرارداد کی پیشکشی کے متعلق اپوزیشن جماعتوں بالخصوص بائیں بازو جماعتوں اور کانگریس کی جانب سے بھی خدشات کا اظہار کیا جار ہا ہے جبکہ مغربی بنگال بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ترنمول کانگریس کے اس منصوبہ کو حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا جا رہاہے اور دعویٰ کیا جار ہاہے کہ ترنمول کانگریس اس مسئلہ کا سیاسی استحصال کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔کانگریس اور بائیں بازو جماعتیں جو کہ مرکزی حکومت کے وقف ترمیمی بل 2024 کی شدت سے مخالفت کر رہی ہیں وہ بھی ترنمول کانگریس کے ریاستی اسمبلی میں اس بل کی خلاف قرار داد کی پیشگشی کے منصوبہ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرنے لگی ہیں۔3