مغربی بنگال اسمبلی میں زبردست ہنگامہ آرائی

,

   

بی جے پی ارکان کو مارشلوں نے گھسیٹ کر باہر کیا‘ ممتا بنرجی کا کھلا چیلنج

کولکاتا ۔4؍ستمبر ( ایجنسیز ) مغربی بنگال اسمبلی میں جمعرات کو ایسا ماحول دیکھا گیا جسے جمہوریت کے بجائے ریسلنگ کے مقابلے کا اسٹیج کہا جا سکتا ہے۔ ٹی ایم سی اور بی جے پی کے ایم ایل ایز آپس میں اس حد تک ٹکرا گئے کہ بات ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ اسپیکر بیمان بنرجی کے بار بار انتباہ کے باوجود جب ہنگامہ نہیں رکا تو انہوں نے بی جے پی کے 5 ایم ایل ایز کو معطل کردیا۔ بعد میں مارشلز کو بلایا گیا، مارشلوں نے بی جے پی ارکان کو گھسیٹ کر اسمبلی سے باہر کردیا۔ اس دوران کئی ایم ایل ایز کے سروں پر چوٹیں آئی ہیں۔ یہاں تک کہ انہیں ہاسپٹل میں داخل ہونا پڑا۔ صدر بی جے پی جے پی نڈا نے اُن ایم ایل ایز کو فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی۔ دوسری طرف چیف منسٹر ممتا بنرجی نے بی جے پی کو کھلا چیلنج دیا ہے۔ دراصل چہارشنبہ سے ہی تصادم کے آثار نظر آنے لگے تھے۔ CAA اور بنگالی زبان پر گرما گرم بحث کے بعد اپوزیشن لیڈر شوبھندو ادھیکاری کو ایوان سے معطل کر دیا گیا۔ اس کے بعد شوبھندو نے خبردار کیا کہ بی جے پی میں صرف ایک نہیں بلکہ 65 شوبھندو ہیں، وہ دکھا دیں گے۔ جمعرات کو اجلاس کے آغاز سے ہی ماحول گرم ہوگیا۔ بی جے پی ایم ایل اے ایوان کے وسط میں پہنچ گئے اور نعرے بازی کرنے لگے۔ بعض نے بانسری اور ڈھول بجاکر بھی احتجاج کیا۔ اس سے اسمبلی میں عجیب صورتحال پیدا ہو گئی۔ حالات اس قدر بگڑ گئے کہ بی جے پی لیڈر شنکر گھوش اور اگنی مترا پال کو معطل کرنا پڑا۔ جب مارشل آئے تو شنکر گھوش کو تقریباً ایوان سے گھسیٹا گیا۔ اس پر بی جے پی ارکان مزید برہم ہو گئے۔ ممتا بنرجی شروع میں بولنے کیلئے کھڑی ہوئیں، لیکن شور کی وجہ سے بیٹھ گئیں۔ پھر غصے میں انہوں نے خود ہی بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے۔ ایک، دو، تین، چار… بی جے پی سب سے بڑی چور ہے۔ بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے ممتا نے کہاکہ بی جے پی چور ہے۔ چوری اور ڈکیتی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
یہ ملک کے سب سے بڑے لٹیرے ہیں، یہ ملک کو بیچ رہے ہیں اور فرقہ واریت پھیلا رہے ہیں۔ بی جے پی نے بنگالی زبان کی توہین کی ہے۔ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے یہاں تک کہا کہ بی جے پی گھر گھر ڈرامہ کر رہی ہے لیکن بنگال کے لوگ اب انہیں جواب دیں گے۔ انہوں نے انہیں چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اب بنگال سے ختم ہو جائے گی۔ تمہارا وجود باقی نہیں رہے گا۔ اب آپ کے جانے کا وقت آگیا ہے۔