مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں مجلسی امیدوار ضمانت بھی نہیں بچاسکے

   

حیدرآباد۔ مغربی بنگال اور ٹاملناڈو کے اسمبلی انتخابات میں مجلس نے تقریباً 10 اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کیا تھا لیکن کسی بھی حلقہ میں اس کا امیدوار بہتر مظاہرہ تو کجا ضمانت بھی نہیں بچا سکا۔ بہار و مہاراشٹرا کے بعد مجلس نے مغربی بنگال اور ٹاملناڈو میں قسمت آزمائی کی تھی۔ مجلس نے بنگال کی 7 اور ٹاملناڈو کی 3 اسمبلی نشستوں پر مقابلہ کیا تھا۔ بنگال میں سیکولر فرنٹ کے قیام کی کوششوں میں ناکامی کے بعد پارٹی نے سات حلقوں سے تنہا مقابلہ کیا اور پارٹی صدر اسد اویسی کے علاوہ دیگر قائدین نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ٹاملناڈو میں مجلس نے دیناکرن کی اے ایم ایم کے پارٹی سے مفاہمت کرتے ہوئے 3 حلقوں سے مقابلہ کیا۔ دونوں ریاستوں میں مجلس کے امیدوار اپنی ضمانت نہیں بچا سکے۔ بنگال میں رائے دہندوں نے فرقہ پرست طاقتوں کی سازش کو محسوس کرتے ہوئے بائیں بازو اور کانگریس کو بھی عملاً مسترد کردیا اور ممتا بنرجی کی تائید کی۔