نئی دہلی :۔ چار ریاستوں کیرالا ، مغربی بنگال ، آسام اور تمل ناڈو کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقہ پوڈوچیری میں انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد 2 مئی کو ووٹوں کی گنتی کی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی کا آغاز صبح 8 بجے ہوگا ۔ اس طرح 5 ریاستوں کے اسمبلیوں کے علاوہ بعض ریاستوں کے ضمنی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا ۔ کورونا وبا کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے پولنگ ایجنٹس اور امیدواروں کے لیے سخت قواعد کا اعلان کیا ہے ۔ جنہیں آر ٹی ۔ سی پی آر رپورٹ یا ریاپڈ اینٹیجن کی منفی رپورٹ کے بغیر کاونٹنگ مراکز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور یہ رپورٹ کم از کم 48 گھنٹوں کے اندر کی ہونی چاہئے ۔ جیتنے والے امیدواروں کے ساتھ 2 سے زیادہ افراد کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ الیکشن کمیشن نے فتح کے جشن کی ریالیوں پر پابندی عائد کردی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق قطعی نتائج شام 5 بجے تک آنے کی توقع ہے ۔ بنگال کے نتائج میں تاخیر ہوسکتی ہے جہاں 8 مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی ۔۔