مغربی بنگال سے 80میٹرک ٹن آکسیجن کانپور پہنچی

   

کانپور: اترپردیش میں کورونا سے عوام کی جان بچانے کیلئے ضروری آکسیجن کی کھیپ مغربی بنگال سے ٹرین کے ذریعہ اتوار کی صبح کانپور پہنچ گئی۔ 80میٹرک ٹن آکسیجن وصول کرنے کیلئے صنعتی ترقیات کے وزیر ستیش مہانا کے ساتھ ساتھ پولیس انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ کے لوگ موقع پر موجود تھے۔ سخت سکیورٹی انتظام کے درمیان آکسیجن کے ٹینکر کو اِن لیند کنٹینر ڈپو میں اتارا گیا اور یہاں سے بلا تاخیر آس پاس کے اضلاع کو بھی سپلائی کیلئے بھیجا جائے گا۔ آکسیجن کی قلت کو دور کرنے کے لیے ریاستی حکومت تیزی کے ساتھ آکسیجن سپلائی کے لیے کام کر رہی ہے جس کے سبب اتوار کے روز کانپور اور آس پاس کے اضلاع کی سپلائی کو پورا کرنے کے لیے مغربی بنگال کے دُرگاپور سے ٹرین کے ذریعے 80 ایم ٹی آکسیجن کے چار ٹینکر کو کانپور لایا گیا ہے ۔ مسٹر مہانا نے بتایا کہ آکسیجن کی قلت ریاست کے کسی بھی ضلع میں نہیں ہونے دی جائے گی۔ اسی سلسلے میں آج مغربی بنگال سے لایا گیا 80 میٹرک ٹن آکسیجن کو کانپور کے آس پاس کے اضلاع میں سپلائی کی جائے گی۔
وزیر نے بتایا کہ آکسیجن کے ٹینکروں کو قنوج، اوریا، اٹاوہ وغیرہ اضلاع میں سپلائی کے لیے بھیجا جا رہا ہے ۔ وہاں سے خالی ہو کر جیسے ہی ٹینکر لوٹیں گے ۔ انھیں ٹرین سے دوبارہ آکسیجن کے لیے روانہ کر دیا جائے گا۔