کلکتہ (مغربی بنگال): بنگال امامس اسوسی ایشن نے چیف منسٹر ممتا بنرجی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ ریاست میں لاک ڈاؤن 30 مئی تک بڑھادیاجائے۔شائد ا س کی ایک وجہ یہ بھی بتائی جارہی ہے کہ کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ 17 مئی کے بعد مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن ختم کردیا جائے گا۔ اس کے بعدعوام اپنے اپنے کاروبار، تجارت، نوکری وغیرہ کیلئے باہر نکلیں گے۔ اگر کسی وجہ سے کورونا وائرس کے کیسیس میں اضافہ ہوتا ہے تو اس کا سیدھا الزام مسلمانوں پر عائد کیا جائے گا۔
چیف منسٹر کو روانہ کئے گئے مکتوب میں امامس اسوسی ایشن کی جانب سے بتایا گیا کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے 17 مئی کو لاک ڈاؤن ختم کردیا جائے تو بھی ریاستی حکومت کو چاہئے کہ حالات کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کردیں۔
— syed Mohammed (@SyedMohammed71) May 10, 2020
امامس اسوسی ایشن کے صدر محمد یحییٰ نے مکتوب میں لکھا کہ ہماری عید (عید الفطر) 25 مئی کو منائی جانے والی ہے۔ اگر آپ ہماری عید کے پیش نظر لاک ڈاؤن ختم کررہے ہیں تو ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ ہماری عید کی پرواہ نہ کیجئے اور ہم مستقبل میں اس تعلق سے شکایت بھی نہیں کریں گے۔“ مزید لکھا گیا کہ ”آپ نے ابتداء میں کہا تھا کہ لاک ڈاؤن 21 مئی تک جاری رہے گا جبکہ مرکز کی جانب سے 17 مئی کو ہی ختم کردیا جائے گا۔ لہذا ہم آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ لاک ڈاؤن 30 مئی تک اضافہ کردیں۔“ واضح رہے کہ رمضان کے مہینہ میں لاک ڈاؤن پر عمل آوری نہ کئے جانے پر ممتا بنرجی حکومت پر مرکزی حکومت کی جانب سے شدید تنقید بھی کی گئی تھیں۔