مغربی بنگال: مدراس اسلامیہ کو دہشت گرد قرار دینے کی کوشش، ممتا بنرجی کی شدید تنقید

,

   

کلکتہ: مغربی بنگال کے مدارس سے متعلق بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کردہ رپورٹ کی سخت تنقید کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی سیاسی ایجنڈے کے تحت بنگال کے دو مدرسوں کے تعلق سے رپورٹ میں انہیں دہشت گرد قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سماج دشمن ہر صورت میں سماج دشمن ہی ہوتا ہے اس کو کسی بھی مذہب سے نہیں جوڑا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چور چور ہی ہوتا ہے۔ اگر کوئی واقعہ پیش آتا ہے تو حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے۔ممتا نے کہا کہ بی جے پی ہر ایک چیز پر سیاست کرتی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت جی کرشن ریڈی نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ہم بنگال حکومت سے مغربی بنگال میں ہوئے سیاسی تشدد کے واقعات پر رپورٹ طلب کی ہے۔ مرکزی وزیر مملکت نے یہ بھی کہا کہ ممنوعہ جماعت المجاہد بنگلہ دیش مغربی بنگال کے مرشد آباد کے اضلاع کے مدارس میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے۔

کانگریس سینئر لیڈر عبد المنان نے کہا کہ بی جے پی حکومت کو بنگال کے مدارس کے متعلق کوئی علم نہیں ہے۔ یہاں بڑی تعداد میں غیر مسلم طلبہ پڑھتے ہیں اورغیر مسلم اساتذہ پڑھاتے ہیں۔