ممبئی: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو ریاست میں پروڈیوسر وپل شاہ کی ‘دی کیرالا اسٹوری’ فلم پر پابندی لگانے کا اعلان کیا۔ ادا شرما کی اداکاری والی فلم جمعہ (5 مئی) کو بڑے تنازعات اور اس کی ریلیز کو چیلنج کرنے والی متعدد عرضیوں کے درمیان سینما گھروں میں ریلیز ہوئی۔ بنرجی کا یہ اعلان چنائی سمیت چند شہروں میں مظاہروں کے بعد تمل ناڈو میں ملٹی پلیکسز نے ‘دی کیرالا اسٹوری’ کی اسکریننگ بند کرنے کے ایک دن بعد کیا ہے۔میڈیا نے ممتا بنرجی کے حوالے سے کہا ہے کہ ’’مغربی بنگال حکومت نے فلم دی کیرالا اسٹوری پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ نفرت اور تشدد کے کسی بھی واقعے سے بچنے اور ریاست میں امن برقرار رکھنے کے لیے ہے۔ فلم دی کیرالا اسٹوری کیرالا سے تعلق رکھنے والی ایک ہندو خاتون کے گرد گھومتی ہے جو اسلام قبول کرکے اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا کو اسمگل کر دی جاتی ہے۔’دی کیرالا اسٹوری’ کو سیاسی جماعتوں اور گروپوں کے ایک حصے کی طرف سے ردعمل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جنہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ فلم حقائق پر مبنی نہیں ہے، اور مسلم کمیونٹی کے خلاف نفرت پھیلاتی ہے۔ بنرجی کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پروڈیوسر وپل شاہ نے کہا کہ “اگر انہوں نے ایسا کیا ہے تو ہم قانونی کارروائی کریں گے۔ قانون کی دفعات کے تحت جو بھی ممکن ہو گا، ہم لڑیں گے۔ بہت سے ناظرین نے اس فلم کو ’پروپیگنڈا‘ قرار دیا ہے۔گذشتہ جمعہ کو ریلیز ہوئی اس فلم نے اتوار تک بڑے پیمانے پر 35 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
