مغربی بنگال میں تقریباً دو لاکھ زیر التواء ووٹرز کا روزانہ تصفیہ

   

کولکتہ،19 مارچ (یو این آئی ) مغربی بنگال میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظرِ ثانی اسپیشل انٹینسیو ریویژن(ایس آئی آر) کا عمل جنگی بنیادوں پر جاری ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق ’زیرِ غور‘ زمرے میں شامل ووٹروں کے ناموں کے فیصلے کی رفتار میں غیر معمولی اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ پولنگ سے قبل فہرستوں کو حتمی شکل دی جا سکے ۔چیف الیکٹورل آفیسر (سی ای او) کے دفتر سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ہر روز تقریباً 2 لاکھ ناموں کا تصفیہ کیا جا رہا ہے ۔ چہارشنبہ کی شام تک مجموعی طور پر 23.3 لاکھ زیرِ التوا اندراجات کا فیصلہ کیا جا چکا ہے ۔ کولکتہ ہائی کورٹ کے نامزد کردہ جوڈیشل افسران اور ججز روزانہ کی بنیاد پر ان کیسز کی سماعت کر رہے ہیں تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے ۔حکام کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے دوران ایک اضافی ووٹر لسٹ شائع کیے جانے کا امکان ہے ، تاہم اس کا انحصار ایک مخصوص سافٹ ویئر سسٹم کی تیاری پر ہے ۔ ریاستی وزیر ششی پانجا کا نام بھی ’زیرِ غور‘ فہرست میں شامل تھا، جس پر سی ای او آفس نے تصدیق کی ہے کہ ان کے کیس کا فیصلہ چہارشنبہ کے روز مکمل کر لیا گیا ہے ۔