مغربی بنگال میں خوفناک سڑک حادثہ ، 18افراد ہلاک

   

کولکاتا: مغربی بنگال کے ندیا ضلع میں اتوار کو ریاستی شاہراہ پر ایک بڑے حادثے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ علی الصبح 3 بجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ایک میٹاڈور بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے کھڑے پتھروں سے بھرے ٹرک سے ٹکرا گئی۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ایک گاڑی کم از کم 30 افراد سوار تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق 11 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 9 دیگر افراد کو شکتی نگر کے ضلع ہاسپٹل لے جایا گیا، جہاں سات دیگر افراد نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ دیگر دو لوگوں کو کولکاتا کے این آر ایس میڈیکل کالج اور ہاسپٹل میں منتقل کر دیا گیا، ان کی حالت نازک ہے۔مقامی لوگوں نے موقع پر پہنچ کر پولیس کو حادثہ کی اطلاع دی۔ عہدیدار نے بتایا کہ ’’ہم نے تحقیقات شروع کر دی ہے لیکن یہ یقینی نہیں ہے کہ میٹاڈور کا ڈرائیور زندہ ہے یا نہیں۔‘‘ وزیراعظم مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، چیف منسٹر ممتا بنرجی اور گورنر جگدیپ دھنکر نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔