مغربی بنگال میں رتھ یاترا پربی جے پی کی درخواست کی 8جنوری کو سماعت ، سپریم کورٹ کا اتفاق

   

نئی دہلی ۔3جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج اتفاق کیا کہ 8جنوری کو مغربی بنگال بی جے پی کی درخواست کلکتہ ہائیکورٹ کے حکمنامہ کے خلاف جس کے تحت ریاست میں رتھ یاترا نکالنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے ، سماعت کرے گی ۔ مبینہ معاملہ کی سپریم کورٹ بنچ کی جانب سے عاجلانہ سماعت کی درخواست کی گئی تھی ۔ یہ بنچ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی زیرقیادت قائم کی گئی ہے اور اس میں جسٹس ایس کے کول بھی شامل ہیں۔ بی جے پی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے رتھ یاترا نکالنے کی گذارش کی تھی ۔ رتھ یاترا کا نام ’’جمہوریت بچاؤ جلوس‘‘ رکھا گیا ہے جو 42 پارلیمانی انتخابی حلقوں کا احاطہ کرے گا اور 2019ء کے عام انتخابات سے قبل نکالا جائے گا ۔ 21ڈسمبر کو ہائیکورٹ کے ایک ڈیویژن بنچ نے جو حکومت کی جانب سے رتھ یاترا کو اجازت دینے سے انکار کے خلاف بی جے پی کی درخواست کی سماعت کررہی تھی ۔ حکومت کے فیصلہ کی توثیق کردی تھی جسے بی جے پی نے سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے درخواست کی عاجلانہ سماعت کی گذارش کی تھی ۔