مغربی بنگال میں زوردار دھماکہ، ایک جاں بحق، ایک زخمی

   

کلکتہ، 5 جولائی (یو این آئی) مغربی بنگال کے مشرقی بردوان ضلع میں ایک خالی مکان میں زوردار دھماکے سے ایک شخص ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔ پولیس نے ہفتہ کو بتایا کہ کچھ بدمعاش دیسی بم بنا رہے تھے ، اسی دوران زوردار دھماکے کے ساتھ یہ واقعہ پیش آیا۔پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق یہ دھماکہ جمعہ کی شب تقریبا آٹھ بج کر تیس منٹ پر کٹوا سب ڈویژن کے راجوآ گاؤں میں ہوا ۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے کی شدت سے مکان کی چھت کو نقصان اور ایک شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔زخمی شخص کی شناخت طوفان چودھری کے طور پر ہوئی ہے ، جسے گاؤں والوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ اسے کئی چوٹیں آئیں جس کے بعد اسے کٹوا مہوکوما اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ہلاک شخص کی لاش کو بھی پوسٹ مارٹم کے لیے اسی ہاسپٹل بھیجا گیا۔ گاؤں والوں نے ہلاک شخص کو پہچاننے سے انکار کیا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے دو بار دھماکوں کی آوازیں سنیں جس سے پورے گاؤں میں کھلبلی مچ گئی۔پولیس کا ماننا ہے کہ بدمعاش دیسی بم بنا رہے تھے ۔ پولیس نے دھماکہ خیز مواد کے ذخیرے اور اس مجرمانہ حرکت میں ملوث افراد کا پتہ لگانے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے ۔