مغربی بنگال میں سیاسی تشدد، 4 افراد ہلاک، بی جے پی کا آج بند

,

   

Ferty9 Clinic

پولیس کو لاپتہ افراد کی تلاش، ہلاک کئے جانے کے ٹی ایم سی اور بی جے پی دونوں کو اندیشے، باہم الزام تراشی سے کشیدگی میں اضافہ
کولکتہ 9 جون (سیاست ڈاٹ کام) آج مغربی بنگال کے سندیش کھلی علاقہ میں جو ضلع چوبیس پرگنہ میں واقع ہے، فسادات پھوٹ پڑے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی مغربی بنگال کے ضلع چوبیس پرگنہ سے کامیابی حاصل کرچکی ہے۔ ترنمول کانگریس کے کارکنوں سے بی جے پی کارکنوں کی جھڑپ ہوگئی۔ مبینہ طور پر ہفتے کی رات میں ہی تشدد کا منصوبہ بنایا گیا تھا جس میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہوگئے۔ بی جے پی قیادت نے اتوار کے دن دعویٰ کیا تھا کہ اِس کے 5 حامی جھڑپ میں ہلاک کردیئے گئے جبکہ ترنمول کانگریس نے کہاکہ اِس کے 6 کارکن لاپتہ ہیں۔ بی جے پی نے پیر کے دن بند کا اعلان کیا ہے ۔ ساری ریاست میں یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ۔ ایک ٹی ایم سی کارکن کی نعش دستیاب ہوچکی ہے جبکہ 2 بی جے پی حامیوں کی اُن کے ارکان خاندان نے مقامی دواخانہ میں شناخت کی ہے۔ اتوار کی صبح پولیس نے تلاشی مہم کا آغاز کیا تاکہ لاپتہ افراد کا پتہ چلایا جاسکے۔ سمجھا جاتا ہے کہ یہ سیاسی تشدد تھا جو 2019 ء کے عام انتخابات کے نتائج کا شاخسانہ ہے۔ ریاستی بی جے پی جنرل سکریٹری سائنتن باسو نے ہفتے کے دن کہا تھا کہ اُن کی پارٹی کے تین ارکان سکانتا مونڈل، پردیپ مونڈل اور شنکر مونڈل کو اُن کے افراد خاندان نے مردہ قرار دیا تھا جبکہ ریاستی وزیر جیوتی پریا ملک کا ادعا ہے کہ ٹی ایم سی کارکن کایوملا کو جھڑپ کے دوران ہلاک کردیا گیا۔

دعوے اور جوابی دعوے کے نتیجہ میں سیاسی کشیدگی دونوں پارٹیوں میں مبینہ طور پر پھیل گئی ہے اور افواہیں گرم ہیں کہ دونوں پارٹیوں کے حامی کثیر تعداد میں لاپتہ ہوگئے ہیں۔ برسر اقتدار پارٹی نے بی جے پی کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار جاری رکھا ہے۔ بی جے پی قائد مکل رائے 7 رکنی وفد کی قیادت کریں گے جو تشدد کے سلسلہ میں بی جے پی ارکان پارلیمنٹ میں مشتمل ہوگا اور اُنھوں نے چیف منسٹر ممتا بنرجی پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اُنھوں نے اپنی تقریروں کے ذریعہ جو عام جلسوں میں کی گئی تھیں، تشدد کے لئے اُکسایا ہے۔ مکل رائے نے یہ بھی دعویٰ کیاکہ بھگوا پارٹی کے 7 ارکان ہلاک کردیئے گئے جبکہ دیگر کئی لاپتہ بتائے جاتے ہیں۔ افواہوں کی وجہ سے ضلع شمالی چوبیس پرگنہ میں سیاسی کشیدگی پھیل گئی ہے۔ نیتاجی سنبھاش چندر بوس انٹرنیشنل ایرپورٹ پر نئی دہلی سے آنے کے بعد مکل رائے نے الزام عائد کیاکہ مقامی ترنمول کانگریس قائد شاہجہاں شیخ نے بی جے پی کارکنوں پر حملوں کی سازش تیار کی تھی جبکہ ریاستی وزیر اغذیہ و سربراہی نے کہاکہ اُن کی پارٹی کا دعویٰ ہے کہ بی جے پی کے کامیاب ورکرس جنھیں لاپتہ قرار دیا گیا ہے ہلاک کئے جاچکے ہیں۔ ترنمول کانگریس میں ریاستی وزراء بھی شامل ہیں جنھوں نے اندیشہ ظاہر کیا ہیکہ 6 ترنمول کانگریس ارکان کو ہلاک کیا گیا ہے اور اُن کی نعشیں سندیش کھلی علاقہ میں سپردآب کی گئی ہیں۔ ترنمول کانگریس نے الزام عائدکیا ہے کہ بھگوا پارٹی کارکنوں نے ترنمول کانگریس کے 6 کارکنوں کوہلاک کردیا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ بی جے پی کارکن اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں ہلاک کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ دراصل ترنمول کانگریس کے لوگ ہلاک کئے گئے ہیں۔ ملک نے کہاکہ اُن کی پارٹی امن برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ اِس وجہ سے اُس نے اپنے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ جلسے اور جلوس کا پروگرام منسوخ کردیا جائے۔