بھوبنیشور 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) راشٹریہ سیوم سیوک سنگھ نے مغربی بنگال میں قوم پرست نظریہ کے حامل افراد کی ہلاکت کو بدبختانہ قرار دیا۔ آر ایس ایس کے جوائنٹ سکریٹری منموہن ویدیا نے کہاکہ مغربی بنگال میں مرشد آباد میں 3 قتل ہوئے ہیں۔ آر ایس ایس نے دعویٰ کیاکہ متوفی ٹیچر بندھو پرکاش پل قوم پرستی کا حامل تھا۔ اس کے ارکان خاندان نے کہاکہ اُس کا سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ منموہن ویدیا یہاں پر اکھل بھارتیہ کاریاکری منڈل کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اِس اجلاس میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت بھی شریک تھے۔ اڈیشہ میں یہ اجلاس پہلی مرتبہ منعقد کیا گیا جہاں آر ایس ایس کے تقریباً 350 اہم ارکان نے شرکت کی۔ آر ایس ایس کی تنظیمی سرگرمیوں میں توسیع کی جارہی ہے اور آر ایس ایس کو ملک کے کونے کونے میں پھیلایا جارہا ہے اور ہر جگہ آر ایس ایس کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے کارکنوں کو تربیت دی جارہی ہے۔