مغربی بنگال میں ووٹر لسٹ کی حتمی اشاعت کا آغاز

   

کولکاتہ۔ 28 فروری (یو این آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے خصوصی نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے بعد مغربی بنگال میں حتمی ووٹر فہرست کی اشاعت کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ اگرچہ حتمی فہرست ابھی کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ نہیں کی گئی، تاہم ضلعی سطح پر اشاعت کا عمل شروع ہو چکا ہے اور فہرست متعلقہ ضلعی انتظامیہ تک پہنچ چکی ہے ۔ امید ہے کہ اسے جلد آن لائن بھی دستیاب ہو جائے گئی۔ ذرائع کے مطابق جنوبی کولکاتہ میں اس مرحلے پر مسودہ ووٹر فہرست سے 3,207 نام حذف کیے گئے ہیں۔ مغربی بنگال کے چیف الیکشن افسر منوج کمار اگروال کا دفتر ہفتہ کے روز شام تقریباً چار بجے مزید معلومات فراہم کرنے کیلئے پریس کانفرنس منعقد کرے گا۔ سی ای او دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ حتمی ووٹر فہرست ضلعی ہیڈکوارٹر پہنچ چکی ہے اور جلد ہی جاری کر دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مغربی بردھمان میں فہرست ضلع مجسٹریٹ کے دفتر پہنچ چکی ہے ۔ بانکورا میں اسے بنگابدیالیہ پولنگ سینٹر پر آویزاں کیا گیا ہے ۔ کوچ بہار میں فہرست سب ڈویژنل افسر کے دفتر اور بلاک نمبر ایک و دو کے بلاک ڈیولپمنٹ افسر (بی ڈی او) دفاتر میں لگا دی گئی ہے ۔ فہرست ہُگلی ضلع میں بھی پہنچ چکی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ ضلع مجسٹریٹ کے دفاتر تسلیم شدہ سیاسی جماعتوں کو ووٹر فہرست کی نقل فراہم کریں گے ۔ کمیشن کے مطابق فہرست فی الحال بی ڈی او اور سب ڈویژنل افسر کے دفاتر میں دیکھی جا سکتی ہے ۔ کولکاتہ میں حتمی ووٹر فہرست ضلع الیکشن افسر کے دفتر سے حاصل کی جا سکتی ہے ، تاہم کمیشن نے واضح کیا ہے کہ فہرست فوری طور پر تمام پولنگ اسٹیشنوں پر دستیاب نہیں ہوگی۔
اتوار سے ووٹر حضرات بوتھ لیول افسر (بی ایل او) کی مدد سے پولنگ مراکز پر اپنے نام چیک کر سکیں گے ۔ آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعہ بھی نام کی تصدیق ممکن ہوگی۔