مغربی بنگال میں پولیس فائرنگ کے سبب بی جے پی کے دو کارکن ہلاک

,

   

Ferty9 Clinic

بی جے پی کے مرکزی وفد کا دورہ بھات پارہ ، مقامی افراد سے ملاقات ، وفد کی واپسی کے بعد ترنمول و بی جے پی کارکنوں میں جھڑپیں
کولکاتا ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مغربی بنگال میں ریاستی صدر مقام کولکاتا سے بمشکل 30 کیلو میٹر دور واقع گڑبڑ سے متاثرہ مقام بھات پارہ میں بی جے پی کے سہ رکنی مرکزی وفد کے دورہ کے فوری بعد تشدد پھوٹ پڑا جس کے نتیجہ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔ بھات پارہ میں جمعرات کو بی جے پی اور ترنمول کانگریس کارکنوں کے درمیان تصادم کے دوران دو افراد ہلاک اور دیگر 11 افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ ان واقعات کی تحقیقات کے ضمن میں بی جے پی کے وفد آج دورہ کیا تھا ۔ سابق مرکزی وزیر ایس ایس اہلوالیہ کے زیر قیادت وفد کی واپسی کے بعد دونوں سیاسی حریف گروپوں میں دوبارہ جھڑپ ہوگئی دونوں نے ایک دوسرے پر سنگباری کی لیکن پولیس نے لاٹھی چارج کے ذریعہ ان کارکنوں کو منتشر کردیا ۔ قبل ازیں بی جے پی کے تین رکنی وفد نے ہفتہ کو مغربی بنگال کے گڑبڑ زدہ علاقہ بھات پارہ کا دورہ کیا اور الزام عائد کیا کہ اس ہفتہ کے اوائل میں جھڑپوں کے دوران پولیس فائرنگ کے نتیجہ میں دو افراد اپنی جان سے محروم ہوگئے ۔ بردھمان ۔ درگا پور کے رکن پارلیمنٹ اور سابق مرکزی وزیر ایس ایس اہلوالیہ کی زیر قیادت اس وفد کے دیگر ارکان میں نو منتخب رکن ارکان پارلیمنٹ اور سابق پولیس افسر ستیہ پال سنگھ اور بی ڈی رام شامل تھے اور ریاستی بی جے پی قائدین بھی اس موقع پر وہاں ان کے ساتھ موجود تھے ۔ اہلوالیہ نے کہا کہ ہم ارکان خاندان اور مقامی افراد سے بات چیت کرچکے ہیں ۔ بی جے پی ورکرس کو شوٹ کرنے کے لیے پولیس کی طرف سے جمعرات کو استعمال کردہ سلف لوڈنگ رائفلس ( ایس ایل آر ) سے چلائی گئی گولیوں کے کھرکے دستیاب ہوئے ہیں ۔ ضلع شمال 24 پرکد میں جمعرات کو دو گروپوں کے درمیان جھڑپوں میں دو افراد ہلاک اور دیگر 11 زخمی ہوگئے تھے ۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ دو گروپس ترنمول کانگریس اور بی جے پی سے ملحقہ تھے ۔ اہلوالیہ نے مزید کہا کہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ہوا میں گولی چلائی تھی ۔ اگر وہ ایسا کئے ہوتے تو یہ کسی انسان کو کس طرح لگ سکتی تھی ؟ ہم اپنی پارٹی کے صدر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہیں (امیت شاہ کو ) اس علاقہ میں جاری تشدد پر گہری تشویش ہے ۔ پولیس اور ترنمول کانگریس نے بی جے پی وفد کے اس تاثر کو بے بنیاد قرار دیا ہے ۔ ٹی ایم سی کے سکریٹری جنرل پارتھا چٹرجی نے کہا ہے کہ بی جے پی وفد کے دورہ کا مقصد اس علاقہ میں کشیدگی کو مزید بڑھانا ہے۔