مغربی بنگال میں یکم ؍ جنوری 2020ء سے چھٹویں پے کمیشن پر عمل آوری : ممتابنرجی

   

کولکتہ ۔ 13 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے چیف منسٹر ممتابنرجی نے جمعہ کو کہا کہ ان کی حکومت چھٹویں پے کمیشن کی سفارشات قبول کرچکی ہے اور توقع ہے کہ یکم ؍ جنوری 2020ء سے اس پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے پے کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری میں تاخیر کیلئے بائیں بازو حکومت کو موردالزام ٹھہرایا۔ پے کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری سے ریاستی خزانے پر سالانہ 10,000 کروڑ روپئے کا زائد بوجھ عائد ہوگا۔ 2016ء کے اسمبلی انتخابات سے عین قبل چھٹواں پے کمیشن 27 نومبر 2015ء کو قائم کیا گیا تھا تاکہ ریاستی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی دوبارہ ڈھانچہ بندی کی جاسکے۔ پروفیسر ابیروپ سرکار کے زیرقیادت اس پینل کی طرف سے اندرون چھ ماہ رپورٹ کی پیشکشی متوقع تھی لیکن اس کو کئی مرتبہ توسیع دی گئی تھی۔