نئی دہلی 19 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپیکر لوک سبھا اوم برلا نے آج ترنمول کانگریس کے ایک لیڈر سے کہا کہ وہ ایوان میں مغربی بنگال کی مارکٹنگ نہ کریں۔ ٹی ایم سی کے ایک رکن ریاستی حکومت کی ایک ہیلت اسکیم کے تعلق سے ایوان میں تذکرہ کر رہے تھے ۔ وقفہ سوالات کے دوران لوک سبھا میں ترنمول کانگریس کے لیڈر سدیپ بندو پادھیائے نے ممتابنرجی حکومت کی جانب سے نافذ العمل ایک ہیلت اسکیم کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ان کی حکومت کی اسکیم مودی حکومت کی آیوشمان بھارت اسکیم سے زیادہ موثر ہے ۔ اس موقع پر اسپیکر نے ان سے کہا کہ وہ ایوان میں مغربی بنگال کی مارکٹنگ نہ کریں۔ اس کے باوجود بندوپادھیائے اس اسکیم کے تعلق سے اظہار خیال کرتے رہے ۔ وزیر صحت ہرش وردھن نے ان کا جواب دیا اور کہا کہ ریاستی اسکیمات کی کچھ حدود ہوتی ہیں۔
