مغربی بنگال کی ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن کی وارننگ

   

کولکاتا، 13فروری (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کے افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حتمی ووٹر لسٹ کی تیاری میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ریاست کے ضلعی انتخابی افسران کے ساتھ ایک ورچوئل میٹنگ میں کمیشن کے مکمل بنچ نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی صورت میں کسی غیر ملکی شہری کا نام حتمی ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہونا چاہیے ۔ کمیشن نے میٹنگ کے دوران خبردار کیا کہ اگر پانچ سال بعد بھی حتمی فہرست میں کسی غیر ملکی شہری کی شناخت ہوئی تو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے تمام متعلقہ دستاویزات کو برسوں تک محفوظ رکھا جائے گا۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر منوج کمار اگروال کے ساتھ اس میٹنگ میں ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرز (ڈی ای او)، الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (ای آر او) اور اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (اے ای آر او) نے شرکت کی۔ کمیشن نے متنبہ کیا کہ حتمی فہرست میں کسی بھی قسم کی کوتاہی ہونے پر ذمہ دار افسران کے خلاف تعزیری کارروائی کی جائے گی، جس میں ضرورت پڑنے پر قانونی کارروائی بھی شامل ہے ۔ یہ وارننگ بھی دی گئی کہ ایسی کارروائی سے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) افسران کے طویل مدتی کیریئر کے امکانات پر منفی اثر پڑ سکتا ہے ۔چیف الیکشن آفیسر کے دفتر کے ذرائع نے بتایا کہ کوچ بہار کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو کمیشن کی ویب سائٹ پر ‘خصوصی جامع نظرثانی’ (ایس آئی آر) سے متعلق دستاویزات اپ لوڈ کرنے میں تاخیر پر سخت سرزنش کی گئی۔ اس کے علاوہ جلپائی گوڑی، مالدہ، شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ اور مشرقی مدنا پور کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹوں کی بھی مبینہ غفلت پر سخت تنقید کی گئی۔