مغربی بنگال کے بلدیاتی انتخابات سے پہلے تشدد پر بی جے پی اور ٹی ایم سی ایک بار پھر آمنے سامنے، سپریم کورٹ تک پہنچا معاملہ

   

کلکتہ: مغربی بنگال میں ایک بار پھر انتخابی تشدد پر بی جے پی بمقابلہ ٹی ایم سی کی لڑائی شروع ہوگئی ہے۔ بی جے پی ریاست میں 19 دسمبر کو ہونے والے میونسپل انتخابات میں ہوئے تشدد کو لے کر سپریم کورٹ پہنچی ہے۔ پارٹی نے منگل کو سپریم کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے کہا ہے کہ 19 کو ہونے والے انتخابات سے قبل اپوزیشن بی جے پی کے ارکان کے ساتھ تشدد کیا جا رہا ہے۔ عرضی میں بی جے پی نے ریاست میں انتخابات سے قبل مرکزی فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ عرضی بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اور مغربی بنگال بی جے پی کے صدر ڈاکٹر سکانت مجمدار نے دائر کی ہے۔ ایڈوکیٹ مینکا گروسوامی نے چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بی جے پی کی درخواست پر جلد سماعت کریں۔