مغربی بنگال کے مزدور وزیر داخلہ محمود علی کی قیامگاہ پہنچ گئے

   

واپسی کے انتظامات کی اپیل، پولیس نے سمجھاکر واپس کردیا
حیدرآباد۔یکم؍ مئی، ( سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں پھنسے ہوئے لاکھوں ورکرس آبائی مقامات منتقلی کیلئے بے چین ہیں۔ مرکز کی جانب سے مزدوروں کی منتقلی کے اعلان کے بعد حیدرآباد میں موجود غیر مقامی ورکرس نے اپنی منتقلی کے سلسلہ میں حکام سے نمائندگی کا آغاز کردیا ہے۔ روزگار سے محروم یہ مزدور معاشی پریشانیوں کا شکار ہیں۔ اسی دوران مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے غیر مقامی ورکرس اپنی منتقلی کا مطالبہ کرتے ہوئے اعظم پورہ میں واقع وزیر داخلہ محمد محمود علی کی قیامگاہ پہنچ گئے۔ تقریباً 500 سے زائد غیر مقامی ورکرس وزیر داخلہ سے ملاقات کے خواہاں تھے تاکہ ان کی منتقلی کی سفارش کرسکیں۔ وزیر داخلہ محمود علی قیامگاہ پر موجود نہیں تھے جس کے نتیجہ میں ورکرس کو مایوسی ہوئی۔ پولیس نے انہیں سمجھا کر واپس کردیا کہ حکومت جب کبھی انتظام کرے گی انہیں واپس روانہ کیا جائے گا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں موجود غیر مقامی ورکرس واپسی کے سلسلہ میں بے چین ہیں۔ انہیں حکومت کی جانب سے بسوں یا پھر ٹرین سرویسس کا انتظار ہے۔ اسی دوران مرکزی حکومت کی ہدایت پر چھتیس گڑھ حکومت نے تلنگانہ موجود اپنے مزدوروں کو خصوصی ٹرین کے ذریعہ واپس طلب کرلیا ہے ۔ تلنگانہ سے آج پہلی خصوصی ٹرین چھتیس گڑھ کو روانہ ہوئی ۔