مغربی بنگال کے ڈاکٹروں کی تائید میں دہلی میں بھی ہڑتال

   

Ferty9 Clinic

ممتا بنرجی سے ڈاکٹروں کی بہت جلد ملاقات کا امکان
نئی دہلی۔17 جون (سیاست ڈاٹ کام) دو شنبہ کے دن حفظان صحت کی تمام خدمات دہلی کے سرکاری اور خانگی دواخانوں میں مسدود رہیں گی کیوں کہ ایمس سمیت دیگر تمام اداروں اور دواخانوں کے ڈاکٹروں نے اپنے ہم پیشہ مغربی بنگال کے ڈاکٹروں کی تائید میں ایک دن کے لیے دواخانوں کا مقاطعہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (اے آئی آئی ایم ایس) کے ریزیڈنٹ ڈاکٹروں کی اسوسی ایشن نے ابتداء میں اس ہڑتال میں شریک ہونے سے انکار کردیا تھا تاہم اس اسوسی ایشن نے دو شنبہ کی دوپہر سے اپنی تمام غیر اہم خدمات کو بند کردینے کا اعلان کیا ہے۔ دو شنبہ کے ابتدائی اوقات میں ایک جونیئر ڈاکٹر پر کسی نے حملہ کردیا تھا۔ او ڈی اے کے بیان کے مطابق جئے پرکاش نارائن ااپیکس ٹرائوما سنٹر پر پیشہ وارانہ دیکھ بھال کے دوران ایک مریض کی حالت بگڑ جانے پر ایک ڈاکٹر پر حملہ کردیا گیا۔ اے آئی آئی ایم ایس کے ڈاکٹروں نے اپنے کیمپس میں احتجاجی مارچ بھی کیا۔ آر ڈی اے نے بھی ایک بیان جاری کیا تھا جس میں کہا گیا کہ ’’ہم مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتا بنرجی پر زور دیتے ہیں کہ وہ ڈاکٹروں کے مطالبات پورے کریں اور اس مسئلہ کو عوام کے مفاد میں خوش اسلوبی سے فوری حل کریں۔ مزید کارروائی کیلیے مذکورہ تنظیم کی عاملہ کا اجلاس دو شنبہ کی شام میں مقرر کیا گیا۔ دریں اثناء گمان ہے کہ ہڑتال کرنے والے ڈاکٹر بہت جلد وزیر اعلی ممتابنرجی سے ملاقات کریں گے اور اس تعلق کے حل کے لیے کوئی راستہ نکالیں گے۔