مغربی تہوار ’ہیلووین‘ (یوم بھوت) پر پابندی کا مطالبہ

   

ماسکو، 14 اکتوبر (یو این آئی) روسی رکن پارلیمنٹ نے ’ہیلووین‘(یوم بھوت) پر پابندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا یہ شیطانیت سے جڑا تہوار ہے ، جسے روس میں ممنوع قرار دینا چاہیے۔ روس میں ہیلووین کے خلاف آواز بلند ہونے لگی۔ روسی رکن پارلیمنٹ میکائل ایوانوف نے اپنے ملک میں اس مغربی تہوار پر مکمل پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ میکائل ایوانوف نے کہا کہ ہیلووین شیطانیت سے جڑا ہوا تہوار ہے جسے روس جیسے روحانی اقدار والے ملک میں ممنوع قرار دیا جانا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلووین روسی ثقافت اور روحانی روایات کے منافی مغربی نظریات کا مظہر ہے ، جو روسی معاشرتی اقدار کو متاثر کر رہا ہے ۔ روسی رکن پارلیمنٹ نے مزید کہا مغربی تہوار زبردستی روسی معاشرہ پر مسلط کیے جا رہے ہیں، جس کے تدارک کے لیے قانونی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آرتھوڈوکس روسیہ غیر ملکی ثقافتی اثرات اور غیر اخلاقی رجحانات کے پھیلاؤ کے خلاف قانونی اقدامات کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ دوسری جانب، روسی چرچز نے بھی ملک میں جادوگری، عاملوں اور باطنی رجحانات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ آرتھوڈوکس چرچ کے پادریوں کا کہنا ہے کہ روس میں عاملوں اور باطنی عمل کے رجحانات ایک سنگین اخلاقی خطرے میں تبدیل ہو رہے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے معاشرتی و مذہبی سطح پر اقدامات کی ضرورت ہے ۔