مغربی سنگھ بھوم کے جنگلات میں 18 ہزار ڈیٹونیٹرز برآمد

   

چائباسا، 2 جولائی (یو این آئی) بائیں بازو کی انتہا پسندی کے خلاف ایک اہم پیش رفت میں، سیکورٹی فورسز نے جھارکھنڈ کے مغربی سنگھ بھوم ضلع میں تقریباً 18,000 زندہ ڈیٹونیٹر برآمد کیے ہیں۔ یہ بازیابی ایک مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران یکم جولائی کو اہم خفیہ اطلاع کی بنیاد پر عمل میں آئی۔ یہ آپریشن چائباسا ڈسٹرکٹ پولیس، سی آر پی ایف کی 60ویں بٹالین، اور جھارکھنڈ جیگوار فورس پر مشتمل ایک مشترکہ ٹیم نے انجام دیا۔ تلاشی کی یہ مہم ٹونٹو تھانے کی حدود میں واقع گاؤں گُہِلی کے نزدیک ٹنگی-اگماری جنگلاتی علاقے پرمرکوز رہی۔ آپریشن کے دوران زمین کے اندر چھپایا گیا بارودی مواد برآمد ہوا، جس کے بارے میں شبہ ہے کہ یہ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (ماؤ نواز) کے کیڈرز کی جانب سے ذخیرہ کیا گیا تھا۔ یہ بارودی مواد مقامی ذرائع کی مدد اور تربیت یافتہ سیکیورٹی اہلکاروں کی مربوط کوششوں سے برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ مواد کو موقع سے ضبط کر کے محفوظ کر لیا گیا ہے ۔ ابتدائی کارروائیاں ان افراد کا پتہ لگانے کے لیے شروع کر دی گئی ہیں۔
جنہوں نے یہ دھماکہ خیز مواد چھپایا تھا۔
مزید سرچ آپریشن اور قانونی کارروائی جاری ہے ۔