مغربی طاقتوں کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر اسرائیل برہم

   

تل ابیب ۔ 22 ستمبر (ایجنسیز) برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور پرتگال نے اتوار کے روز فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا، جو مغربی خارجہ پالیسی میں دہائیوں پر محیط ایک تاریخی تبدیلی ہے۔ اسرائیل نے اس پر برہمی کا اظہار کیا جبکہ امریکہ نے بھی اس کی مذمت کی۔ فرانس، بلجیم اور نیوزی لینڈ نے بھی اسرائیلی مخالفت کے باوجود فلسطین کو تسلیم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں اتوار کو برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا ایسے نمایاں مغربی ممالک بن گئے، جنہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کر لیا ہے۔ غزہ کی محصور پٹی میں فلسطینیوں نے اس اقدام کو فتح قرار دیا تاہم اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو یہ واضح کر چکے ہیں کہ فلسطینی ریاست کبھی قائم نہیں ہو گی۔ امریکہ نے بھی اپنے مغربی اتحادیوں کے اس اقدام کو ”نمائشی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے تنازعے کا سفارتی حل تلاش کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔