مغربی کنارہ میں خاتون وکیل کا قتل

   

فلسطینی وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 30 سالہ خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے۔ یہ واقعہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے سیلافیط میں پیش آیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسرائیلی فوج پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ وزارت صحت کے مطابق نابلس کے جنوب میں اسرائیلی فوج نے 30 سالہ فلسطینی امانا ابراہیم محمد یعقوب پر فائرنگ کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ ہم نے خاتون دہشت گرد کو مار دیا ہے۔ اس خاتون نے گیتائی ایویسار جنکشن کے قریب فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ سے وابستہ صحافی کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر ایک لاش کمبل میں لپٹی ہوئی تھی۔ گاؤں کے میئر احمد ابو صفیہ کے مطابق امانا ابراہیم پہیشہ کے اعتبار سے وکیل تھی اور تین بچوں کی ماں تھی۔ اسرائیلی فوج نے منگل کے روز کہا ہے کہ بدہ کے علاقے میں یہودی آبادکاروں نے فلسطینیوں کی ایک تقریب میں آگ لگا دی۔ تاہم اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا ہے۔ ’اے ایف پی’ کے صحافی کا کہنا ہے کہ جس ہال میں تقریب جاری تھی اس کا زیادہ تر حصہ جل چکا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق سات اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فوج اور یہودی آبادکاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 918 فلسطینیوں کو قتل کیا ہے۔