مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطینیوں کو گولی مار دی

   

رملہ ، 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینی علاقے میں اپنی کار اسرائیلی فوجیوں پر چڑھا دینے والے دو فلسطینیوں کو اسرائیلی فوجیوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ اسرائیلی فوج کے ایک بیان کے مطابق اس حملے میں ایک فوجی افسر شدید زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ آج پیر چار مارچ کو پیش آیا۔ ملکی میڈیا نے بتایا کہ فلسطینی حملہ آوروں کی تعداد تین تھی، جن میں سے دو مارے گئے۔ بعد ازاں اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں اس واقعے کو فوجیوں پر دانستہ کار چڑھا دینے کا واقعہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ تین میں سے دو فلسطینیوں کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا گیا جبکہ تیسرا معمولی زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔ دریں اثناء غزہ پر اسرائیلی فضائی حملہ کیا گیا۔ اسرائیلی فوجی ہیلی کاپٹروں نے آج غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی غزہ میں حماس کے دو عسکری ٹھکانے تباہ کیے گئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے یہ کارروائی بارودی مواد سے کیے جانے والے ایک حملے کے بعد کی گئی۔ گزشتہ برس سے فلسطینی، غباروں کے گچھے میں بارودی مواد باندھ کر اسرائیل کی جانب اڑا دیتے ہیں۔ ان دونوں واقعات میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں۔