مغرب لااعتبار، ہماری قوم ایماندار : اردغان

,

   

انقرہ : صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ہم مغرب کی سیاست پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔صدر اردغان نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز وان کے دورے کے دوران نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں یونان میں قائم اڈوں کے بارے میں کہا کہ “5 پلس 4 اڈے قائم ہوچکے ہیں، آپ جو کچھ قائم کرنا چاہتے ہیں کریں۔ جب ہم ان سے پوچھتے ہیں کہ آپ نے وہ اڈے کیوں بنائے ہیں؟ تو ان کا جواب بڑا معنی خیز ہوتا ہے؛ وہ کہتے ہیں ’’ روسیوں کے خلاف‘‘۔ آپ روس کے خلاف بنانے کا اظہار تو کرتے ہیں لیکن آپ نے روس کے خلاف یوکرین کے لیے کیا کچھ کیا ہے ؟ کیا آپ یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں ؟ سب کچھ جھوٹ ہے، یہ جھوٹ ہے، اس مغرب پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا۔ آپ مغرب سے علم لے سکتے ہیں۔ آپ فنون سیکھ سکتے ہیں لیکن مغرب پر سیاست کے بارے میں اعتماد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے آج تک ہمیں یورپی یونین میں شامل نہیں کیا جبکہ ہم نے 1963 میں یورپی یونین کے لیے رجوع کیا تھا۔ ابھی بھی مغرب ہمارے ساتھ کھیل کھیل رہا ہے۔ یہ سب کچھ جھوٹ ہے۔ ان میں ایمانداری نہیں ہے، ہماری قوم ایماندار ہے۔