مغلیہ دور کا شاہکار ’’شیش محل ‘‘ عوام کے لئے کھول دیا گیا

   

نئی دہلی، 7 جولائی (ایجنسیز) دہائیوں تک نظرانداز رہنے کے بعد دہلی کا شیش محل جوکہ مغلیہ دورکا ایک شاندار فنِ تعمیر ہے بالآخر اپنی سابقہ شان و شوکت میں بحال کردیاگیا ہے۔ شمالی دہلی کے تاریخی علاقے شالیمار باغ میں واقع یہ سترہویں صدی کی یادگار، ایک طویل اور جامع مرمتی عمل کے بعد عوام کے لیے دوبارہ کھول دی گئی۔ یہ محل 1653 میں شہنشاہ شاہجہان کے دور حکومت میں تعمیر کیا گیا تھا اور’شیش محل‘ یعنی ‘‘آئینوں کا محل’’ اب دہلی کی بھولی بسری مغلیہ وراثت کا چمکتا ہوا نشان بن چکا ہے۔اس تاریخی خزانے کی بحالی کا عمل 2024 کے اوائل میں دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وِنئے کمار سکسینہ کے ایک اہم دورہ معائنہ کے بعد شروع ہوا۔ محل کی خستہ حالی دیکھ کر وہ حیران رہ گئے، جس کے نتیجے میں محکمہ آثارِ قدیمہ اور دہلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے درمیان ایک مشترکہ منصوبہ عمل میں آیا۔ شیش محل یہ وہی مقام ہے جہاں 1658 میں اورنگ زیب کی پہلی تاجپوشی انجام پائی۔ یہ محل کبھی اعزاز آباد باغ کے بڑے احاطے کا حصہ تھا، جسے اعز النساء بیگم کی یاد میں تعمیر کیا گیا تھا، اور ابتدا میں اسے ‘شالیمار’ یعنی “سرور و لذت کا مسکن” کے شعری نام سے جانا جاتا تھا۔ شیش محل کی کامیاب بحالی دہلی کے پائیدار ثقافتی ورثے اور اس کی تاریخی روایات کے تحفظ کی اہمیت کا واضح ثبوت ہے۔ اب جبکہ یہ محل عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، یہ دارالحکومت میں ایک نمایاں ثقافتی اور تعمیراتی کشش بننے جا رہا ہے۔