نئی دہلی : مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغل تاریخ کو مٹانے کے الزامات سے انکار کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں مغلوں کی تاریخ کو مٹانے اور ان سے وابستہ شہروں کے نام بدلنے کے الزامات پر تیکھا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی سرکاروں نے کافی سوچ سمجھ کر فیصلے کئے ہیں، جو ان کے آئینی اختیارات کے دائرے میں ہیں۔ امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی تاریخ میں کسی کے کردار کو ہٹانا نہیں چاہتی ہے۔نیوز ایجنسی اے این آئی کو دئے ایک انٹرویو میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہنڈن برگ۔ اڈانی ، بی بی سی ڈاکیومنٹری پر پابندی، پی ایف آئی ، تریپورہ الیکشن، جی 20 سمٹ کی صدارت اور شہروں کے نام بدلنے جیسے معاملات پر جواب دئے ہیں۔جب وزیر داخلہ امیت شاہ سے شہروں کے نام بدلنے کو لے کر سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم مغلوں کے کردار کو ہٹانا نہیں چاہتے اور نہ ہی کسی اور کے رول کو ہٹانا چاہتے ہیں، لیکن اس ملک کی روایت کو اگر کوئی قائم کرنا چاہتا ہے تو اس میں کسی کو پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔ ہم نے ایک بھی شہر جس کا پرانا نام نہ ہو اور ہم نے بدل دیا ہو، ایسا نہیں ہے۔ ریاستی سرکاروں نے اپنے آئینی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بہت سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا ہے۔یہ پوچھے جانے پر کیا ہنڈن برگ کی رپورٹ اور بی بی سی کی ڈاکیومنٹری کوئی سازش ہے، امیت شاہ نے کہا کہ ہزاروں سازشیں سچ کو نقصان نہیں پہنچا سکتیں۔سچ سورج کی طرح چمکتا ہے۔