مغویہ لڑکی بحفاظت پولیس اسٹیشن پہونچ گئی

   

حیدرآباد 10 اگست : ( سیاست نیوز ) : شہر کے علاقہ آغا پورہ سے مغویہ لڑکی سلامتی کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہونچ گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ کل رات دیر گئے اپنے مکان سے مغویہ 12 سالہ لڑکی نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خود کو اغوا کاروں کے چنگل سے بچالیا اور نامپلی ریلوے اسٹیشن پہونچی ۔ ذرائع کے مطابق لڑکی آغا پورہ میں واقع اپنے مکان میں موجود تھی ان کا مکان عمارت کی تیسری منزل پر واقع ہے ۔ جمعہ کی رات تقریبا 12 بجے کے بعد کسی نے مکان پر دستک دی اور لڑکی نے جیسے ہی دروازہ کھولا لڑکی کو دبوچ لیا گیا ۔ لڑکی چیخ و پکار نہ کرسکی کیوں کہ اس کے منہ کو بند کردیا گیا تھا اور مشتبہ اغواء کار لڑکی کو باہر لے گئے اور ایک مقام پر بٹھادیا ۔ لڑکی شدید خوف کا شکار لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور اغواء کار کے ہاتھ کو اپنے دانتوں سے کتردیا اور کار کا دروازہ کھول کر فرار ہوگئی اور دوڑتے ہوئے نامپلی ریلوے اسٹیشن پہونچ گئی اور ریلوے پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔ ریلوے پولیس نے لڑکی کی والدہ سے فون پر رابطہ کیا اور لڑکی کے حالات سے واقف کروایا ۔ لڑکی کے والدین نے نامپلی پولیس اسٹیشن پہونچ کر لڑکی کو حاصل کرلیا اور واقعہ کی شکایت حبیب نگر پولیس اسٹیشن میں کروائی گئی ہے۔ حبیب نگر پولیس ہر زاویہ سے اس کیس کی تحقیقات کررہی ہے ۔۔ ع