حیدرآباد : سرور نگر پولیس نے 2 سالہ بچہ کے اغواء کے معاملہ کو حل کرتے ہوئے خاطی شخص کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اندرون 36 گھنٹے اس سنسنی خیز معاملہ کی یکسوئی کرلی ۔اس سارے معاملہ کی تحقیقات اور اغواء کار کی گرفتاری اور مغویہ بچہ کی رہائی کے تمام امور میں پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مددحاصل کی اور بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمرے تحقیقات میں معاون و مددگار ثابت ہوئے ہیں ۔ کمشنر پولیس رچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھگوت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس سرورنگر نے 45 سالہ ایم متاریا ساکن مری گوڑہ نلگنڈہ کو گرفتار کرلیا جس نے گزشتہ روز ایک بچہ کا اغواء کرلیا تھا ۔ کتہ پیٹ چوراہے پر اس بچہ کو والدہ نے سڑک پر چھوڑا تھا اور ضرورت سے فارغ ہونے گئی تھی ۔ شکایت کے فوری بعد حرکت میں آتے ہوئے سرورنگر پولیس نے علاقہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ کی اور کیمروں کی مدد سے پولیس نے اندرون 36 گھنٹے گرفتار کرلیا ۔ کمشنر پولیس نے اسٹاف کی ستائش کی ۔