مفتی ابو بکر نے دہشت گردی کے خلاف حکومت کے موقف کی حمایت کی

   

نئی دہلی، 9مئی (یواین آئی) پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان مفتی اعظم ہند مفتی شیخ ابو بکر احمد نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف حکومت کے موقف اور اقدامات کی پرزور حمایت کی ہے۔ مفتی شیخ ابو بکر نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو لکھے ایک خط میں ملک کی خودمختاری اور قومی سلامتی کے تحفظ میں حکومت کے موقف اور مسلح افواج کے کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے دہشت گردی کو قومی استحکام، عالمی امن، اور انسانی وقار کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے اقدامات نہ صرف اس کی داخلی سالمیت کیلئے ضروری ہیں بلکہ بین الاقوامی ہم آہنگی کیلئے بھی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہیکہ ہندوستان کی اسٹریٹجک مداخلت اور سفارتی قیادت شدت پسند نظریات کا مقابلہ کرنے اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو فروغ دینے میں ایک مثبت کردار ادا کر سکتی ہے ۔مفتی ابوبکر نے تمام مذاہب اور پس منظر کے لوگوں سے قومی کوششوں کی حمایت کرنے کی اپیل کی۔ ہمیں ان اقدار کے محافظ کے طور پر کام کرنا چاہیے جو ہمیں ایک متنوع لیکن ہم آہنگ قوم کے طور پر متحد رکھتی ہیں۔