مفتی قاسم صدیقی تسخیر کے مقالہ پر ڈاکٹریٹ کی منظوری

   

جامعہ نظامیہ میں تقریب،علماء کرام کی شرکت
حیدرآباد۔/31 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ میں آج مفتی قاسم صدیقی تسخیر کے پی ایچ ڈی کے مناقشہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ یہ مقالہ فقہاء اور محدثین کے نزدیک باہم متعارض احادیث کے درمیان مطابقت اور وجوہ ترجیح کے عنوان پر عربی میں لکھا گیا ہے۔ مفکر اسلام مفتی خلیل احمد کی نگرانی میں اس کی تکمیل کی گئی۔ اجلاس کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر محمد عبدالمجید صدیقی نے کی جبکہ ممتحنین کے طور پر پروفیسر سید بدیع الدین صابری صدر شعبہ عربی جامعہ عثمانیہ اور مولانا سمیع اللہ خاں سابق صدر مصحح دائرۃ المعارف نے شرکت کی۔ مفتی قاسم صدیقی تسخیر نے اپنے مقالہ کا خلاصہ پیش کرتے ہوئے موضوع کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حدیث شریف کی سمجھ اور اس کے اطلاق میں صحابہ ؓ کے زمانے سے اختلاف رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سند اور درجہ میں ایک ہی رتبہ رکھنے والی احادیث میں اصلاً کوئی تعارض نہیں ہوتا۔ سند کے اعتبار سے ضعیف حدیث قوی حدیث سے متعارض نہیں ہوسکتی کیونکہ ایسی صورت میں کم رتبہ والی حدیث پر عمل نہیں کیا جاسکتا۔ شرکائے اجلاس نے اس موقع پر مختلف سوالات کئے۔ پروفیسر بدیع الدین صابری نے مقالہ کی طباعت کا مشورہ دیا۔ پروفیسر عبدالمجید نظامی نے مفتی قاسم صدیقی تسخیر کو ان کے مقالہ کے کامیاب دفاع پر ڈاکٹریٹ کی ڈگری کا اعلان کیا۔ آخر میں مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ و نگران مقالہ نے دعا کی۔ر