مفت برقی کی سربراہی راج شیکھر ریڈی کا کارنامہ : ڈگ وجئے سنگھ

   

آنجہانی قائد کی برسی پر ’ریتو راجو‘ کتاب کی رسم اجراء، کانگریس قائدین کا بھرپور خراج عقیدت

حیدرآباد 2۔ ستمبر (سیاست نیوز) سینئر کانگریس لیڈر و سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش ڈگ وجئے سنگھ نے کسانوں کو مفت برقی سربراہی آنجہانی قائد ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی ذہنی اختراع اور کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ 2004ء اور 2009ء میں یو پی اے حکومت کی تشکیل میں آنجہانی قائد نے اہم رول ادا کیا ہے۔ راج شیکھر ریڈی کی برسی پر شہر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈگ وجئے سنگھ نے کے وی پی اور رگھو ویرا ریڈی کی تحریر کردہ ’ریتوراجو‘ کتاب کی رسم اجراء کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ پردیش کانگریس صدر ریونت ریڈی، آندھراپردیش کانگریس صدر ڈی ردرا راجو، محمد علی شبیر، اتم کمار ریڈی، پی لکشمیا، سی پی آئی قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا، یو ارون کمار، سی ایل پی قائد ملوبٹی وکرامارکا کے علاوہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے کئی کانگریس قائدین نے شرکت کی۔ ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ کانگریس کو مستحکم کرنے راج شیکھر ریڈی نے جو خدمات انجام دیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ مفت برقی، اندراماں مکانات کے علاوہ کئی فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا۔ نکسلائیٹس کو عام زندگی کے دھارے میں شامل کرنے مذاکرات کی 40 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کرنے آبپاشی پراجکٹس تعمیر کئے۔ آج راج شیکھر ریڈی زندہ ہوتے تو بی جے پی سیاہ قوانین لانے کی ہمت نہ کرتی ۔ صدر پردیش کانگریس اے ریونت ریڈی نے راج شیکھر ریڈی کو صدیوں میں پیدا ہونے والا قائد قرار دیا اور کہا کہ آج کانگریس ان کے بتائے راستوں پر عمل کررہی ہے۔ انہوں نے 34 سال کی عمر میں متحدہ آندھرا پردیش کانگریس کی باگ ڈور سنبھالی اور چیف منسٹر بننے 20 سال انتظار کیا ۔ ان کی زندگی نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہے۔ وہ جب چیف منسٹر تھے اپوزیشن جماعتوں سے بھی خوش اخلاق سے ملاقات کرتے اور ان کے سوالات کا جواب دیتے ۔ نئے ارکان اسمبلی کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ن