حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے حدود میں عوام کو 20 ہزار لیٹر مفت پانی کی سربراہی اسکیم کے سلسلہ میں درخواستیں سال بھر قبول کی جائیں گی۔ حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ سابق میں 15 اگسٹ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ تھی۔ حکومت کی جانب سے 2 ڈسمبر 2020 کو جاری کردہ جی او 211 کے تحت تمام گھریلو صارفین کو 20 ہزار لیٹر مفت پانی کی سربراہی کا فیصلہ کیا گیا جس کے لئے صارفین کو کسٹمر اکاؤنٹ نمبر CAN کو آدھار سے مربوط کرنا ہے۔ جی او کی اجرائی کے بعد سلم علاقوں کے صارفین کو بلز کی اجرائی روک دی گئی کیونکہ سلم علاقوں میں پانی کی سربراہی مشترکہ طور پر نصب کردہ میٹرس کے ذریعہ کی جاتی ہے۔ انفرادی صارفین کیلئے لازمی قرار دیا گیا کہ وہ نئے میٹر نصب کریں اور اپنے CAN کو آدھار سے مربوط کریں جس کے بغیر مفت پانی کی سربراہی اسکیم سے استفادہ ممکن نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس سلسلہ میں صارفین کی جانب سے حوصلہ افزاء رد عمل حاصل نہیں ہوا۔ واٹر ورکس کی جانب سے میٹرس کی سربراہی کا اعلان کیا گیا تھا باوجود اس کے شہر میں بیشتر صارفین نے ابھی تک نہ ہی میٹر نصب کیا اور نہ کنزیومر اکاؤنٹ نمبر کو آدھار سے مربوط کیا لہذا حکام نے اسکیم سے استفادہ کیلئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کردی ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں تقریباً 7.87 لاکھ انفرادی صارفین کو 2.20 لاکھ واٹر میٹرس نصب کرنا ہے۔ 24967 اپارٹمنٹس کو 17192 میٹرس کی تنصیب باقی ہے۔ واٹر ورکس کے عہدیداروں نے بتایا کہ بورڈ نے درخواستوں کے حصول کی آخری تاریخ 15 اگسٹ میں توسیع کرتے ہوئے جاریہ سال کے اختتام تک درخواستیں قبول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ر