مفت کورونا ٹسٹ سہولت فراہم کرنے تیاریاں

   

بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر مراکز کا قیام، ڈائرکٹر پبلک ہیلت
حیدرآباد۔ کورونا سے متعلق عوام میں اندیشوں اور دوسری لہر کی اطلاعات کے درمیان حکومت نے کورونا ٹسٹ کو عام آدمی کیلئے مفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے افراد جو کورونا کے ٹسٹ کیلئے ٹسٹنگ مراکز جانے میں تامل کرتے ہیں ان کیلئے محکمہ صحت نے بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشنوں، مالس، آئی ٹی پارکس اور دیگر اہم مقامات پر مفت کوویڈ ٹسٹنگ انتظام کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے مقامات جہاں پر عوام کا ہجوم ہوتا ہے وہاں ٹسٹنگ کا اہتمام کیا جائیگا۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ ریاست میں فی الوقت 1096 کوویڈ ٹسٹ مراکز ہیں اور ہر شخص کیلئے ممکن نہیں کہ وہ ان مراکز تک پہنچ سکے۔ ہر شخص تک کورونا ٹسٹ کی سہولت پہنچانے محکمہ صحت نے اہم عوامی مقامات پر مفت مراکز کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے اس سلسلہ میں ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تقریبا 70 فیصد کورونا کے مریضوں میں علامات پائی جاتی ہیں تاہم ایسے افراد پر توجہ کی ضرورت ہے جو علامتوں کے بغیر کورونا کے مریض ہیں۔ دیگر افراد میں کورونا پھیلاؤ کو روکنے مریضوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آشا ورکرس اور اے این ایم ورکرس سے اضلاع میں گھر گھر سروے کرکے مریضوں کی نشاندہی کی جائیگی۔ اس کے علاوہ موسم کی تبدیلی کے پس منظر میں وبائی امراض، سوائن فلو، ملیریا اور ڈینگو کا پتہ چلایا جائے گا۔ تمام پرائمری ہیلت سنٹرس اور کمیونٹی ہیلت سنٹرس میں آکسیجن سلینڈرس فراہم کئے گئے ہیں۔