مفرور معاشی مجرمین سے نمٹنے عالمی قائدین پر زور

   

اوساکا۔/29 جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) اوساکا چوٹی کانفرنس میں ہندوستانی سرگرمیوں اور انتظامات کے اہم ذمہ دار سریش پوبھو نے کہا ہے کہ ہندوستان نے معاشی مجرمین کے ساتھ سختی سے نمٹنے کی پرزور وکالت کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بین الاقوامی فوروموں میں اس مسئلہ کو اٹھایا ہے۔ سریش پربھو نے جو این ڈی اے حکومت کی پہلی میعاد میں وزیر ریلوے تھے کہا کہ ’’ ہم نے معاشی مجرمین کے ساتھ نمٹنے کی ضرورت کو پوری شدت سے آگے بڑھایا ہے۔ ٹیکس چوری، رشوت ستانی، معاشی جرائم اور دھوکہ دہی کے ساتھ ملک سے فرار ہونے کے جرائم سے نمٹنے کے لئے ہم کام کررہے ہیں۔ یہ ہمارا مضبوط ایجنڈہ رہا ہے ۔‘‘ سریش پربھو نے کہا کہ ’’ ہم شدت سے محسوس کرتے ہیں کہ اس قسم کے مسائل اور معاشی جرائم کے ارتکاب کے بعد بعض افراد کے ملک سے فرار ہونے کے واقعات سے نمٹنے میں عالمی برادری کو متحدہ طو ر پر کام کرنا چاہیئے ۔‘‘